زندگی میں قرآن کی فکر کو نافذ کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں:محبوب الرسول  

Nov 02, 2024

لاہور(خصوصی نامہ نگار) انٹرنیشنل غوثیہ فورم کے چیئرمین مولانا ملک محبوب الرسول قادری نے کہا غازی اسلام جانثار پاکستان ملک عبدالرسول قادری ؒ  کی زندگی جہد مسلسل کا استعارہ تھی۔ وہ اسلام اور پاکستان کیساتھ محبت کرنیوالے عظیم مجاہد تھے۔ انہوں نے اخلاص اور للہیت کیساتھ ملت کی خدمت کی اور اپنے قول و فعل کے ذریعہ مثبت قدروں کا تحفظ کیا۔ بلاشبہ وہ معاشرے اور سماج کا بہترین اثاثہ تھے۔ آج ان کے ستارھویں عرس کے موقع پر ان کی یاد میں منعقدہ اجتماع کا پیغام یہ ہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت غازی اسلام ؒ کے مزار پر منعقدہ قرآن حکیم کے حلقوں کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک محبوب الرسول قادری نے کہا ہمیں انفرادی اور اجتماعی زندگی میں قرآن کی فکر کو رائج اور نافذ کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیں۔ اس موقع پر درود و سلام ، استغفار ، اسمائے حسنی کے ورد اور قصیدہ بردہ شریف پڑھا گیا اور ملک و ملت کے لیے دعائیں کی گئیں اجتماع میں مولانا قاری محمد ابوبکر سیالوی ، مولانا حافظ نور محمد نواب صاحب ، قاری پیر حافظ عمر دراز انور ، ڈاکٹر عبدالحمید سیالوی ، پیر محمد انور قادری ، مفتی اصف محمود قادری اور صاحبزادہ نصیر الدین نصیر قادری سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

مزیدخبریں