لاہور)نامہ نگار)پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود اور چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے مستونگ میں ہونیوالے ہولناک بم دھماکے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس سفاکانہ دہشت گردی کو بزدلانہ عمل قرار دیا۔جس میں معصوم انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔جسے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا یہ واقعہ ملکی سلامتی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔رہنماؤں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے لمحہ فکریہ قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے واقعات نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں بلکہ ریاست کی رٹ کو بھی چیلنج کرتے ہیں، جس پر پوری قوم غمزدہ اور رنجیدہ ہے۔مخدوم احمد محمود نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کے سدباب کیلئے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ ملک میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
مستونگ بم دھماکہ ملکی سلامتی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے:مخدوم احمد محمود
Nov 02, 2024