لاہور، یکم نومبر: پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر لاہور کے مندروں کو دیدہ زیب برقی قمقموں سے سجا دیا۔ آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات پر پی ایچ اے نے کرشن مندر بند روڈ، والمیکی مندر نیلا گنبد اور جین مندر کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یہ روشنیاں پی ایچ اے کی طرف سے ہندو برادری کو تحفہ ہیں۔ روشنیوں کا تہوار کے نام سے جانی جانے والی دیوالی دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے۔ دیوالی کے موقع پر مندروں میں خصوصی عبادت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو نے ہندو برادری کو دیوالی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔