لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں بہت بڑے اجتماع سے سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒکی تعلیمات اور شخصیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا سیدنا عبدالقادر جیلانیؒاپنے تلامذہ، مصاحبین اور عقیدت مندوں کی تربیت فرماتے ہوئے ہمیشہ نصیحت کرتے کہ دنیا کی خواہش کرنے ، اپنی پاک دامنی اور عبادت پر اترانے، غیبت کرنے اور نیکی کی دعوت دے کر خود عمل نہ کرنیوالے منافقوں کی دوستی اور صحبت سے اللہ کی پناہ مانگو۔ علم والوں کی صحبت سے اخلاق و کردار سنورتے ہیں ۔ اللہ والے خدمت کرواتے نہیں خدمت کرتے ہیں۔اولیائے اللہ کے نزدیک بسیار گوئی دل کا مرض ہے۔ اللہ والے بلا ضرورت کلام نہیں کرتے۔ وہ اپنی زبان، ہاتھ، پاؤں، آنکھوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان اعضاء کو گناہوں سے بچانے کیلئے فکر مند رہتے ہیں۔ خاموش طبع اللہ کی حفاظت و رحمت میں ہوتے ہیں۔ اللہ والوں کی صحبت سے ایمان و کردار کی پختگی حاصل ہوتی ہے۔ سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ فرماتے ہیں کہ اگر ایمان و کردار کی حفاظت چاہتے ہو تو ایسے لوگوں کی صحبت میں بیٹھیں جن کے قول اور فعل میں تضاد نہیں ہوتا ۔