میگزین رپورٹ
نومولود بچوں کی سماعتی صحت او ر جسمانی فٹنس کے لئے لاہور جنرل ہسپتال میں ایک اور اہم اقدام اٹھایا گیا ہے جس کے تحت ہسپتال میں بچے کی پیدائش کے فورا بعد قوت سماعت کا جائزہ لینے کیلئے سکریننگ کی جائے گی۔ اس امر کے لئے ہسپتال میں جدید اوٹو کاسٹک امیشن مشین کی سہولت فراہم کر دی گئی تاکہ زچگی کی صورت میں پید اہونے والے بچوں کو اس عمل سے گزارا جا سکے۔ اس سلسلے میں پاکستان ائیر فاؤنڈیشن اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج کے مابین با قاعدہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں جبکہ اس موقع پر ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین اور ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ ای این ٹی یونٹ 2 ڈاکٹر محمد الیاس،ڈاکٹر عبدالعزیز اور ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و دیگر موجود تھے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ نومولود بچوں کی پیدائش کے فوری بعد اْن کی سماعتی صلاحیت اور صحت کے بارے میں پتہ چلانا انتہائی ضروری ہے اور الحمد اللہ جنرل ہسپتال اس ضمن میں پہلا پبلک سیکٹر ہسپتال بن گیا ہے جہاں یہ سہولت میسر ہو گی۔ اْن کا مزید کہنا تھا کہ والدین ابتدا میں نومولود بچوں کی سماعت پر توجہ نہیں دیتے لیکن یہ امر تشویش کا باعث ہے کہ قوت سماعت میں رکاوٹ ہو تو بچے کی قوت گویائی بھی متاثر ہوتی ہے اور ایسا لمبا عرصہ رہنے کے باعث بچہ گونگا اور بہرہ ہو سکتا ہے۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ آج کی میڈیکل کی دنیا بہت حد تک ترقی کر چکی ہے اور جدید تحقیق کے مطابق بچوں کے بولنے، سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیتوں کا انحصار اْن کی سننے کی قوت پر ہوتا ہے کیونکہ ہمارے دماغ میں بولنے اور سمجھنے کے مراکز عمر کے پہلے سال میں ہی نشوونما پاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح سماعت سے محروم بچوں کا تناسب ایک ہزار میں 4سے 6کے درمیا ن ہے جو بچے کسی نہ کسی وجہ سے سننے کی صلاحیت سے محروم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیدائش کے ایک سال کے اندر قوت سماعت سے محرومی کی تشخیص کر لی جائے تو بر وقت علاج میسر کر کے ان بچوں کو دیگر نارمل بچوں کی طرح تعلیم دلا سکتے ہیں لیکن بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں لا علمی کے باعث بچوں کی ابتدائی صحت پر توجہ نہیں دی جاتی جس کے باعث وہ تعلیمی، معاشرتی اور پیشہ وارانہ زندگی میں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔
ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین اور ڈاکٹر محمد الیاس کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ اگر نومولود بچوں میں فوری طور پر کمزور سماعت کا مسئلہ سامنے آجائے اور اْن کا درست علاج ہوتو وہ اس مرض سے چھٹکا را پاسکتے ہیں اور اس سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال میں اٹھایا گیا اقدام انتہائی مفید اور اہمیت کا حامل ہے اور اوٹو کاسٹک امیشن مشین کے استعمال سے نومولود بچوں کو ایسی جدید طبی سہولت حاصل ہو گی جو اْن کا مستقبل محفوظ بنا سکتی ہے۔