رائیونڈ+سندر (نامہ نگار) رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتما ع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ربیع الحق آف بنگلہ دیش، مولانا عبدالرحمان، مولانا محمد اسماعیل گودرہ، مولانا زبیر الحسن نظام الدین (بھارت)، مولانا احمد لاٹ آف انڈیا، مولانا محمد فاروق ودیگر نے کہا کہ دنیا آخرت کی کھیتی ہے۔ یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جا کر کاٹیں گے۔ اپنی اولاد، مال کو دین کیلئے وقف کریں۔ اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں۔ اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں۔ دنیا کی تکلیفوں اور مصیبتوں سے نجات مل جائے گی۔ دنیا میں آنے کی ترتیب ہے جانے کی ترتیب نہیں۔ جوان اولاد کو بوڑھے والدین کندھا دیتے نظر آتے ہیں۔ وقت کو قیمتی جانیں، مساجد کو آباد کریں۔ ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں، تہجد کا اہتمام کریں۔ دنیا و آخرت کی کامیابیاں مقدر ہوں گی۔ آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے، آفات، مصائب کے جو پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں اس کا سبب صرف اور صرف دین محمدی سے دوری ہے۔