تہران+ غزہ + بیروت (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 95 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے جانے والے حملوں میں 95 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت میں عوام کو 2 علاقے فوری خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے حملوں کی تیاری شروع کردی گئی جبکہ 24 گھنٹوں میں 6 میڈیکل ورکرز سمیت 45 لبنانی شہید کردیے گئے۔ اس کے علاوہ شام میں لبنانی سرحد کے قریب بھی اسرائیل نے حملہ کیا جس میں 10 شہری شہید ہوگئے۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اسرائیل پر حملے کی تیاری کا حکم دے دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کا حکم اسرائیلی حملوں میں نقصانات کی بریفنگ کے بعد دیا گیا۔ ایران 5 نومبر کو امریکی انتخابات سے پہلے بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملے کی تیاری کررہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ایران میں کہیں بھی پہنچ سکتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ ماہ اکتوبر میں مختلف حملوں میں 87 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔ یہ اب تک سب سے بڑا نقصان ہے۔ حماس کے شہید سربراہ یحییٰ السنوار کی آخری وصیت سامنے آ گئی جس میں انہوں نے کہا کہ خود کو طویل جنگ کیلئے تیار کرو۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کیلئے فلسطینی ریاست کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔