پشاور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خان صاحب نے بار بار کہا ہے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کیلئے تیار ہوں۔ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا امکان ہوا تو ضرور کریں گے۔ تمام اداروں کیلئے ہمارا پیغام ہے خان صاحب کو رہا کریں۔ ریلائزیشن کی وجہ سے انڈر سٹینڈنگ ہو رہی ہے۔ ڈیل نہیں ہو رہی‘ بانی پی ٹی آئی ڈیل نہیں لیڈ کریں گے۔ بات چیت میں ٹارگٹ جمہوریت کی بحالی اور غصب حقوق کی بحالی ہو گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی جمہوریت کی بحالی میں اہم فیکٹر ہے۔ ہم نے وفاق پر چڑھائی نہیں کی۔ وفاق میں موجود حکومت جعلی ہے۔ وفاق پر چڑھائی اور احتجاج میں فرق ہے۔ جدوجہد میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ریسکیو ملازمین احتجاج میں شریک نہیں تھے اپنی ڈیوٹی دے رہے تھے‘ ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ بیرسٹر سیف نے اسٹیبلشمنٹ سے پی ٹی آئی کے رابطوں کی تصدیق کرتے کہا کہ جو لوگ دوبارہ جمہوریت کو اپنی راہ پر لا سکتے ہیں پی ٹی آئی ان سے رابطے میں ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے بار بار کہا اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کیلئے تیار ہوں: بیرسٹر سیف
Nov 02, 2024