لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ عدالتی نظام اور نظام انصاف معتبر اور بااثر ہو نا چاہیے۔ نکاح، طلاق، خلع اور تنسیخ نکاح کے عدالتی فیصلے شریعت کے مطابق ہونے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شریعہ اکیڈمی کے زیر انتظام ججز کے تر بیتی کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زیر تربیت ججز نے ڈاکٹر عطاء اللہ خلجی، ڈائریکٹر شریعہ اکیڈمی کی سربراہی میں اسلامی نظریاتی کونسل کا دورہ کیا۔ ڈاکٹرمحمد راغب حسین نعیمی نے مزید کہا کہ کونسل ایک اجتہا دی ادارہ ہے جو قانون ساز اداروں کو قانون سازی کے مختلف مراحل میں سفارشات پیش کرتا ہے۔ تین طلاقیں اکٹھی دینے پر تعزیری سزا کے نفاذ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں طلاق کی شرح یقینی طور پر کم ہو جائے گی۔ ایسے ہی دوسرا نکاح ثالثی کونسل سے اجازت کے بغیر کئے جانے پر سزا غیر شرعی ہے۔ آپ نے عدالتی اصلاحات پراظہار کیا کہ عامۃ الناس کا یہ تاثر زائل ہونا چاہیے کہ تیز تر انصاف صرف سیاستدان اور امیرکو ہی ملتا ہے۔ انصاف کی فراہمی تیز اور بہتر بنانی چاہیے، نظام انصاف موثر اور معتبر بنایا جائے۔ اس ضمن میں ججز کی تقرری کے طریقہ کار میں قابلیت اور کارکردگی کو مد نظر رکھا جائے۔
اکٹھی تین طلاقوں پر سزا دی جائے تو شرح کم ہو جائے گی: راغب نعیمی
Nov 02, 2024