پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے حکومت نے اپنی پاور ٹرانسمشن لائن بچھانے کے لیے نجی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کرلیا جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا اپنی پاور ٹرانسمیشن لائن بچھانے والا صوبہ بن جائے گا۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی موجودگی میں پیڈو اور نجی کمپنی نیٹراکون کے حکام نے معاہدے پر دستخط کیے۔ پہلے مرحلے میں مٹلتان سے مدین تک 40 کلو میٹر طویل 132/220 کے وی ٹرانسمشن لائن بچھائی جائے گی۔ ٹرانسیمشن لائن کا یہ منصوبہ 8 ارب روپے کی لاگت سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ یہ ٹرانسمشن لائن 84 میگاواٹ مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور سوات میں صوبائی حکومت کے دیگر منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی کو نیشنل گرڈ یا رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل سے صوبائی حکومت کو سالانہ 7 ارب روپے کی آمدن ہوگی۔ سوات کوریڈور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے فیز ٹو کے تحت مدین سے چکدرہ تک مزید 80 کلومیٹر طویل لائن بچھائی جائے گی۔ سوات میں اس وقت صوبائی حکومت کے تحت سیکڑوں میگاواٹ استعداد کے حامل متعلقہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔