لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے نظر بندیوں کے احکامات کی قانونی حیثیت کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سیکشن 3 پنجاب نظربندی قانون مجریہ آرڈر 1960 پر عملدرآمد روک دیا۔ عدالت نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب حکومت کو 5 دسمبر تک کسی بھی قسم سے نظر بندی کے احکامات جاری کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو نظر بندی کے سیکشن 3 کی قانونی حیثیت پر دلائل دینے کی ہدایت کردی۔ اظہر صدیق نے موقف اپنایا کہ حکومت نظر بندی کے احکامات کو سیاسی بنیادوں پر استعمال کرتی ہے، آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت نظر بندیوں کے قانون میں تبدیلی ہونی چاہیے۔ درخواست پی ٹی آئی نائب صدر لاہور یاسر گیلانی نے دائر کی تھی، سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ سال2022 سے لیکر ابتک حکومت نے نظر بندی کے 20 ہزار احکامات جاری کئے، 2023 میں 4ہزار470نظر بندی کے احکامات جاری کئے گئے۔