لاہور (خبرنگار) انسداد دہشت گردی عدالت نے 5اکتوبر احتجاج اور پولیس پر تشدد کیس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی 3مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے 5،5لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ تھانہ مستی گیٹ مقدمے میں 23نومبر تک جبکہ تھانہ شفیق آباد اور لاری اڈا کے 2مقدمات میں 8نومبر تک عبوری ضمانت منظور ہوئی۔ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ٹافیوں کی طرح ایف آئی آرز بانٹ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی اسی بوسیدہ نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کی چار مقدمات میں درخواست ضمانتیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیں جبکہ سینیٹر اعجاز چوہدری کی دو مقدمات میں درخواست ضمانت پر پولیس سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے تحریک انصاف گجرات کے صدر سلیم سرور جوڑا کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اہلیہ ام رباب نے درخواست میں موقف اپنایا کہ خاوند سلیم سرور جوڑا پی ٹی آئی گجرات کے صدر ہیں، ڈپٹی کمشنر گجرات نے 21 اگست کو خاوند کی نظر بندی کا حکم دیا۔
پولیس پر تشدد کیس‘ علیمہ‘ عظمیٰ خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور
Nov 02, 2024