اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ٹریفک پولیس نے وفاقی دارلحکومت میں ٹریفک بہائو کو برقرار رکھنے ، ٹریفک قوانین کی عملداری کیلئے جمعہ کو کریک ڈائون کیا اسلام آباد کے شاپنگ مالز،مارکیٹس، تجارتی مراکز اور بڑی شاہراہوں میں غیر قانونی پارکنگ کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے اسپیشل سکواڈ بھی تشکیل دئیے ہیں جنہوں نے رواں سال بلاتفریق کارروائیاںکرتے ہوئے93ہزار 459چالان ٹکٹس جاری کئے اورمتعدد گاڑیوں کو مختلف تھانہ جات میں بند بھی کیا،چیف ٹریفک آفیسراسلام آبادمحمد سرفراز ورک نے تمام زونل ڈی ایس پیز کو خصوصی طورپرہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو کم کرنے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کے بہاو میں رکاوٹ بننے والے عناصر خصوصا جو ٹریفک ڈسپلن کو متاثر کرتے ہیں ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے،شاپنگ سنٹرز میں پارکنگ کے لئے مختص جگہ پر پارکنگ کو یقینی بناتے ہوئے نوپارکنگ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رعایت نہ دی جائے،فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق ہے فٹ پاتھ پر کسی قسم کی پارکنگ یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،شاپنگ سنٹرز میں آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ،شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام آبادپولیس سے تعاون کریں تاکہ شہر میں مربوط ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھتے ہوئے حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔