اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جنرل منیجر سوئی نادرن گیس وقاص اللہ شنواری نے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں گیس سے متعلقہ مختلف مسائل اور ان کے حل پرتفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی، گیس پریشر کی بہتری اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے، اور اس میں بہتری کے لئے فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے جنرل منیجر سوئی گیس کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو سردیوں کے دوران گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لئے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح گیس پریشر کے مسائل پر بات کرتے ہوئے، گورنر نے زور دیا کہ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو روزمرہ کے امور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹی بی ایس کے مسائل سنیت کوٹلہ سیداں اور کورائی میں توسیعی کام میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کی گئیں گورنر خیبرپختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت صوبہ بھر میں گیس لوڈ شیڈنگ میں ہرممکن حد تک کمی اور پریشر کو برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں ملاقات میں گیس کی فراہمی کے توسیعی منصوبوں کو تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔جنرل منیجر سوئی گیس وقاص اللہ شنواری نے گورنر خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی ٹیم خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گیس کی سپلائی کو بہتر بنانے کے لئے بھرپور محنت کر رہی ہے اور عوام کی خدمت کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔