اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی سیکرٹری برائے وزات بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سپورٹس انڈسٹری کی بہتری ،بحالی اور ملکی معیشت میں اس کے کردار کے حوالے سے بے پناہ مواقع موجود ہیں،اس حوالے سے کارپوریٹ سیکٹر کو ساتھ ملا کر پالیسی سازی پر کام کر رہے ہیں،سیاحت، پلیئرز کی بر ینڈنگ، نشریاتی حقوق، روزگار کے مواقع ، ٹکٹوں کی فروخت، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی، ڈیجیٹل میڈیا، صحت اور فٹنس جیسے شعبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے سامان کی ایکسپورٹ سپورٹس اکانومی کے نمایاں خدوخال ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ سپورٹس اکانومی کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے معروف بزنس مین، سیکرٹری جنرل یو نائیٹڈ بزنس گروپ (ایف پی سی سی آئی )ظفر بختاوری،ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ ،ایئر وائس مارشل اعجاز ملک،برگیڈیئر (ر)سلطان ستی،افضل گوندل ،عمران خان سمیت بلڈرز، ڈیولپرز، چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں، مینوفیکچررز، ایکسپورٹرز، اور بزنس لیڈرز سمیت مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات نے خطاب کیا۔سیکرٹری وزات آئی پی سی نے تمام سٹیک ہولڈراز پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کے شعبے کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں،ہماری سپورٹس انڈسٹری کی کارکردگی دنیا کیلئے مثال ہے،ہمیں اس کے سکیل کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے دی گئی تجاویز کی روشنی میں پالیسی سازی کی طرف جائے گی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل یو نائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ کھیلوں کی ترویج ،سپورٹس اکانومی اور کھلاڑیوں کی ترقی و بحالی کیلئے ایسے کانفرنس کے انعقاد پر سیکرٹری آئی پی سی اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے