فضائی آلودگی کے اعتبار سے پنجاب کا دارالحکومت لاہور دنیا میں ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا۔لاہور شہر میں سموگ کی اوسط شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، شہر لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 709 تک پہنچ گیا، ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1319 تک جا پہنچا ہے۔اسی طرح امریکن قونصلیٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1007 تک پہنچ گیا ۔فضائی آلودگی کے باعث لاہور میں ہوا کا معیار نہایت خراب ہے، جس وجہ سے اس آلودگی میں صحت مند رہنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث سانس کے مسائل سامنے آ رہے ہیں جبکہ آنکھوں میں جلن کی شکایات بھی ہیں، طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہن کر باہر نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب اسموگ پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور ہوا اور ماحول کو آلودہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی بھی شروع کی گئی ہے۔ دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے بھارت کا شہر کولکتہ311 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور دہلی258 اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔