بھارت میں دیوالی کا تہوار پرجوش طریقے سے منایا جاتا ہے جبکہ اس موقع پر بڑے پیمانے پر آتش بازی بھی کی جاتی ہے، تاہم اب دیوالی کے موقع پرکی گئی آتش بازی کے باعث بھارتی دارالحکومت دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں دیوالی کے موقع پر کی گئی آتش بازی کے باعث فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا۔
ایئر کوالٹی انڈیکس 348 تک ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا کے معیار میں گراوٹ آنے کی وجہ سے شہر میں دھند چھائی ہوئی ہے، جبکہ شہری ماسک کا استعمال کرکے آلودگی سے بچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شمالی ہندوستان میں کھیتوں میں فضلہ جلانے سے ہوا کے معیار میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔
بھارت میں فضائی آلودگی کی سطح کو دیوالی کے دوران ہونے والی آتش بازی ہر سال متاثر کرتی ہے، صوبائی حکومتوں نے دیوالی اور موسمِ سرما میں آتش بازی کے استعمال پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پابندی کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کے قانون کے باوجود ہندوؤں کی ایک کثیر تعداد آتش بازی کرتی نظر آتی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں صرف7 ممالک ایسے ہیں جہاں کا فضائی معیار بین الاقوامی فضائی معیار کے عین مطابق ہے جبکہ بھارت کے درجنوں شہر آلودہ ترین شہروں میں شامل ہیں۔
سوئس کمپنی آئی کیو ائیر کی جانب سے سالانہ عالمی سروے پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ دنیا کے سو آلودہ ترین شہروں میں سے83 بھارت کا حصہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر بیگو سرائے گزشتہ سال دنیا کا آلودہ ترین شہر رہا تھا۔ گوہاٹی، دہلی اور ملاں پور اس فہرست میں دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔