جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی  اور نہ ہی مارشل لاء کے امکانات ہیں ۔

مولانا فضل الرحمان کراچی میں جے یو آئی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت مستحکم نہیں ہوئی جس کے باعث سول ادارے غیر مستحکم ہورہے ہیں ۔ جمہوریت کا استحکام ملک کے مفاد میں ہے۔ جے یوآئی کے سربراہ نے ایک سوال پر کہا کہ نیٹو فورسز کے حملے پاکستان کی عزت و ناموس پر حملے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کے حوالے سے فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ وہ ایک کامیاب سیاست دان ثابت نہیں ہوسکیں گے ۔ لال مسجد میں معصوم بچوں کا قتل عام ، پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں جھونکنا اور دستور پاکستان کا توڑنا پرویز مشرف کا سنگین جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم ایم اے کی بحالی کے حامی ہیں اور اس حوالے سے قاضی حسین احمد نے اجلاس بلایا تو وہ شرکت کے لئے تیار ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن