گستاخیوں کیخلاف قانون پاس ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے: علما

Oct 02, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں قرآن پاک کی بے حرمتی، توہین آمیز خاکوں، بابری مسجد کیس میں مسلمانوں کے خلاف فیصلہ اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو سزا سنائے جانے کے خلاف دینی و سیاسی جماعتوں کے ملک بھر میں جلسے، مظاہرے اور کانفرنسیں،ہزاروں افراد کی شرکت، بھارت اورامریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی، بابری مسجد کیس چند جنونی ہندﺅوں کا مسئلہ نہیں بھارت میں مساجد محفوظ نہیں رہیں گی تو پھر بھارت کے مسلمانوں کو قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کرنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ جب تک عالمی سطح پر قرآن پاک اور نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف سزا کا قانون پاس نہیں ہوتا تحریک حرمت رسول ﷺ جاری رکھیں گے۔ تحریک حرمت رسول ﷺ پاکستان کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ نے سرگودھا میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بابری مسجد کو بھارتی عدالت نے محض اسلام دشمنی میں ہندﺅوں کی رام جنم بھومی کے طور پر تسلیم کر کے مسلمانوں کے خلاف فیصلہ کیا ہے بھارت کے تیس کروڑ مسلمان بھارتی عدلیہ کے اس دہشت گردانہ فیصلہ کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید ، جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر، امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی،جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حافظ سیف اللہ منصور، تحریک حرمت رسول ﷺ کے چیف کوآرڈینیٹر قاری محمد یعقوب شیخ، جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، مولانا احمد سعید ملتانی و دیگر نے لاہور میں مختلف مقامات پر نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ جماعة الدعوةآزاد کشمیر کے امیر مولانا عبدالعزیز علوی نے مظفر آباد میںنماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوپ بینی ڈکٹ اور لارڈ آف کنٹربری خاموشی توڑیںاپنے پیروکاروں کو قرآن پاک اور نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخیوں سے روکیں۔ تحریک حرمت رسول ﷺکے زیر انتظام کراچی میں الشیخ محمد یوسف طیبی، مولانا محمد یحییٰ بھٹی، جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما انجینئر نوید قمر مولانا ابو حفص،فیصل ندیم،ضیاءقمر،ابو ولید،ابو سیاف و دیگر نے حیدر آباد،رحیم یار خان،پشاور،مالا کنڈ،ایبٹ آباد و دیگر شہروں میں جلسوں، مظاہروں اور حرمت رسول ﷺ کانفرنسوں سے خطاب کیا۔
مزیدخبریں