لاہور (سپورٹس رپورٹر) 24 مقابلوں پرمشتمل پنجاب یوتھ فیسٹول کے چوتھے مرحلے کا آغاز ہو گیا ۔ جس میں پہلے روز اتھلیٹکیس، بیڈ منٹن، کرکٹ ہارڈ بال، ٹیپ بال کے مقابلے ہوئے۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے اتھلیٹکس مقابلوں میں سکول کی بڑی طالبات کی تعداد نے شرکت کی۔ طالبات کا مقابلوں میں شرکت کا جذبہ قابل دید تھا۔ اقبال پارک کمپلیکس میں لاہور کے 9 ڈویژن کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے ہوئے۔ سکول کیٹگری کے اتھلیٹکس مقابلوں میںمیمونہ ارشد نے شاٹ پٹ مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور راشدہ ظفر دوسرے نمبر پر آئیں۔ لانگ جمپ مقابلوں میں فاطمہ ظفر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ رمشہ عارف دوسرے نمبر پر آئیں۔200 میٹر دوڑ میں اقراءونر رہیں اور الماس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ خدیجہ نے 400 میٹر اور 800 میٹرمیں فتح کا تاج سر پر سجایا۔ اقبال پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے اتھلیٹکس مقابلوں میں پہلے روز 4 کیٹگریز کے مقابلہ ہوئے۔ واہگہ ٹاﺅن کے اتھلیٹس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 800میٹر دوڑ میں واہگہ ٹاﺅن کے محمد اسحاق نے پہلی اور گلبرگ ٹاﺅن کے محمد علی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، 1500 میٹر دوڑ میں واہگہ ٹاﺅن کے واجد نے فتح حاصل کی جبکہ اقبال ٹاﺅن کے مظفر علی دوسرے نمبر پر رہے۔ لانگ جمپ کے مقابلوں میں واہگہ ٹاﺅن کے محمد یونس نے پہلی اور شاہدرہ کے عدنان نذیر نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، شاٹ پٹ کے مقابلہ میں گلبرگ ٹاﺅن کے علیم بٹ فاتح اور عزیز بھٹی ٹاﺅن کے ندیم اختر رنراپ رہے۔ دیگر اضلاع میں بھی مقابلوںکا انعقاد کیا گیا۔ جہلم ڈسٹرکٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں 74 نوجوانوں نے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا جس میں 18فاتح رہے۔ گوجرانوالہ میں 90 نوجوانوں میں سے 26 نے فتح اپنے نام کی۔ لودھراں میں کھیلوں کے مقابلوں میں 53 نوجوانوں میں سے 26 فاتح رہے، ان نوجوانوں نے تائیکوانڈو، ویٹ لفٹنگ، باڈی بلڈنگ، بلیئرڈ اور ہاکی کے مقبالہ ہوئے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں سب سے زیادہ نوجوانوں نے اس مرحلہ میں شرکت کی، جبکہ مظفرگڑھ اور لودھراں میں 70نوجوان میدان میں آئے اور 26 فتح کا جشن مناتے ہوئے گھروں کو روانہ ہوئے۔
پنجاب یوتھ فیسٹیول کا چوتھا مرحلہ شروع‘ نوجوانوں میں غیر معمولی جوش و خروش
Oct 02, 2012