سرینگر (بی بی سی) مقبوضہ کشمیر میں فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گاندر بل کے جنگلات میں پانچ مجاہدین کو تصادم کے دوران شہید کر دیا۔ فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ایچ ایس برار کے مطابق یہ تصادم وسطی ضلع گاندر بل کے وانگت جنگلی علاقہ میں ایک پہاڑی بستی کے قریب ہوا۔ ہمیں شبہ ہے کہ یہ سب پاکستانی ہیں لیکن ابھی تک باقاعدہ شناخت نہیں ہو سکی۔ مسلح تشدد میں اچانک اضافہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب وادی میں تیس ہزار سے زائد منتخب پنچائیت ممبروں کو اختیارات کی کمی کے ساتھ ساتھ سلامتی کے خطرات بھی درپیش ہیں۔ گاندربل کے واقعہ سے متعلق وہاں کے باشندوں نے بی بی سی کو بتایا کہ فوج نے وانگت علاقہ کی کئی بستیوں کا محاصرہ کیا ہے۔ گا¶ں مچ کنی کے عبداللہ خان نے بتایا ہمیں فوج نے کہا پانچ لوگوں کو دفن کرنے کا انتظام کرو۔ جھڑپ یہاں سے آٹھ کلومیٹر دور لاپھتری جنگل میں ہوئی ہے۔ ہمارے کچھ لوگوں کو وہاں لاشیں لانے کیلئے بھیجا گیا ہے۔