انقرہ (این این آئی) ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان کو اپنی جماعت کا دوبارہ سربراہ منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید تین سال کے لئے اپنا عہدہ حاصل کیا ہے۔ جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی کانگریس کا انقرہ میں انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنان اور مہمانوں نے شرکت کی۔ رائے شماری میں اردگان کے مدمقابل کوئی امیدوار نہیں تھا۔ اردگان کی وزیراعظم اور پارٹی رہنما کے طور پر یہ آخری کانگریس تھی۔ قوانین کے مطابق ایک شخص مسلسل تین مرتبہ عہدے پر فائز رہ سکتا ہے۔ اردگان جن کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ وہ 2014ءمیں صدارتی امیدوار ہوں گے۔ ان کا تقریر میں کہنا تھا کہ عہدوں سے خدمت کی زیادہ اہمیت ہے۔ اس موقع پر شرکا بار بار تالیاں بجا کر انہیں داد دیتے رہے۔ اس موقع پر مصر کے صدر محمد مرسی، عراقی کردش رہنما موساد برزانی اور حماس کے سربراہ خالد مشعل سمیت ایک سو سے زائد غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔ اردگان نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم نے ہر ایک کو دکھا دیا ہے کہ ایک مسلم ملک میں جدید جمہوریت برقرار رہے سکتی ہے۔ ہم تمام مسلم ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔