نیویارک (خصوصی نمائندہ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے خطاب کے موقع پر بیسیوں آزادی پسند کشمیریوں نے یو این او کی عمارت کے سامنے مظاہرہ کیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے اعلان کیا کہ کشمیری اپنے حق خود اختیاری کے بنیادی حق پر سودے بازی نہیں کریں گے اور آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرے۔ کشمیریوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر لکھا تھا کہ یو این او کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل کرائیں، پلے کارڈز پر لکھا تھا کہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرو، بھارت کشمیر پر وعدے پورے کرے، غاصب بھارتی فوجیو نکل جاﺅ آزاد کشمیر کے صدر نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کو عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اُجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ریلی نے دو قراردادیں منظور کیں جس میں کہا گیا کہ صدر اوباما اور یو این اے سیکرٹری جنرل بان کی مون مسئلہ کشمیر حل کرانے میں مدد دینے کیلئے اپنے اپنے خصوصی نمائندے مقرر کریں۔
بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کے دوران نیویارک میں کشمیریوں کا مظاہرہ
Oct 02, 2012