537 منتخب نمائندوں نے گوشوارے جمع نہیں کرائے، کام سے روکنے کی دھمکی

Oct 02, 2012

اسلام آباد (خبرنگار + ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے مقررہ تاریخ تک اپنے اور اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان سینٹ ‘ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو کام سے روکنے کی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ اثاثے جمع نہ کرانے والے ارکا ن کی رکنیت 15 اکتوبر سے معطل کر دی جائے گی۔ پیر کو الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق سینٹ ‘ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 537 ارکان نے مقررہ تاریخ تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن کو جمع نہیں کرائیں۔ سینٹ کے 104 میں سے صرف 70ارکان نے اپنے گوشوارے جمع کرائے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے 212 ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرا دیں ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے 147‘ سندھ اسمبلی کے 102‘ خیبر پی کے اسمبلی کے 68 اور بلوچستان کے 38 ارکان نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن کو فراہم کی ہیں۔ الیکشن کمشن نے خبردار کیا ہے کہ جن ارکان پارلیمنٹ نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے انہیں اس مہینے کی پندرہ تاریخ یعنی 15 اکتوبر سے اپنی رکنیت کی معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ارکان پارلیمنٹ کو ایکٹ کے تحت 30 ستمبر تک اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کروانے تھے مقررہ وقت ختم ہو گیا ہے۔ الیکشن کمشن کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والے ارکان کی رکنیت 15 اکتوبر سے معطل کردی جائے گی۔

مزیدخبریں