وفاقی حکومت کی بدترین مخالفت کے باوجود عوام کی بے لوث خدمت کی : شہباز شریف

Oct 02, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) ملک بھر میں کامیابی حاصل کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے ساڑھے چار برس کے دوران صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اور مثالی اقدامات اٹھائے ہیں جس کے باعث مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم نے وفاقی حکومت کی بدترین مخالفت کے باوجود عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج عوام میں مسلم لیگ (ن) کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ وہ ترکی کے دورے کے بعد برطانیہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلی نے کہا کہ سونامی اپنے شور میں خود ہی دب کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے باعث عوام ان سے متنفر ہوچکے ہیں۔ لوڈشیڈنگ اور لوٹ مار کے باعث وفاقی حکومت عوام میں اپنا اعتماد اور مینڈیٹ کھو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے لندن میں برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ایلن ڈنکن سے ملاقات کی اور ان سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی تجاویز کو حتمی شکل دی۔ برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ”ڈیفڈ“ کے ڈائریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیفڈ ادارے کا پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون قابل ستائش ہے بالخصوص صوبہ پنجاب میں تعلیم کے میدان میں حکومتی پالیسیوں کے فروغ کے لئے مہیا کی جانے والی گرانٹ کے حوصلہ افزاءنتائج سامنے آئے ہیں۔ دانش سکولز صوبے کے دوردراز علاقوں میں اعلیٰ معیار کی تعلیمی اور طلبا و طالبات کو رہائشی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ منسٹر فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایلن ڈنکن نے وزیراعلیٰ کا برطانوی حکومت کی طرف سے خیرمقدم کیا اور پنجاب میں مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے دوطرفہ تعاون کے لئے اتفاق رائے ہوا۔ ملاقات میں ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی طرف سے پنجاب میں شعبہ تعلیم کی نمایاں کارکردگی کو سراہا گیا۔ وزیراعلی شہباز شریف نے ویسٹ منسٹر، لندن میں کنگ سولومن اکیڈمی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی کو کنگ سولومن اکیڈمی کی طرف سے ادارے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ادارے کے تحت بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب نے کنگ سولومن اکیڈمی کے کیمپس کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کنگ سولومن اکیڈمی کونسل کو نئے منصوبے شروع کرنے کے لئے پنجاب سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کی پیشکش کی۔

مزیدخبریں