نواب شاہ میں ہڑتال کے دوران پُرتشدد واقعات میں ایک شخص کی ہلاکت کے خلاف شہرمیں آج بھی مکمل شٹر ڈاؤن جاری ہے۔ قاضی احمد موڑ اورتھانہ ائیرپورٹ سمیت متعدد علاقوں میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مختلف مقامات پرقوم پرست کارکنوں نے نئے بلدیاتی نظام کیخلاف مظاہرے کیے،غریب آباد، سکرنڈ روڈ ، اسپتال روڈ اور پریس کلب روڈ پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔ سکرنڈ روڈ پر مظاہرے کے دوران گولی لگنے سے ایک پولیس اہلکار جبکہ پتھراؤ سے رینجراہلکار زخمی ہوگئے، مشتعل افراد نے سکرنڈ روڈ پر کھڑی کار کو آگ لگادی۔ ائیرپورٹ تھانے میں کھڑی دو موٹر سائیکلوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔ ادھرکندھ کوٹ میں بھی کاروباری مراکزاوردکانیں بند پڑی ہیں، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کا گشت جاری ہے۔ خیرپوراور نوشہروفیروز سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی نئے بلدیاتی نظام کے خلاف مظاہرے کئے گئے جبکہ وکلاء نے عدالتی کارروائی سے بائیکاٹ کیا۔