کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں ہونے والے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اورعمران نذیر نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ پانچ رنز پر گری جب محمد حفیظ ایک کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران نذیر تھے جنہوں نے چودہ رنز بنائے۔ اس کے بعد ناصر جمشید اور کامران اکمل نے پاکستانی بیٹنگ کو سہارا دیا۔ ناصر جمشید پچپن رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے جبکہ کامران اکمل نے بتیس رنز بنائے۔ عبدالرزاق نے سترہ گیندوں پر بائیس رنز بنائے جبکہ شاہد آفریدی ایک چوکا مارکر ہی آؤٹ ہوگئے، عمر اکمل نو اور شعیب ملک چار کے انفرادی اسکورپر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک نے بیس رنز دیکرتین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈوہرتھی، واٹسن اور کمنز ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ایک سو پچاس رنز کے ہدف کے حصول کے لئےآسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی باؤلرز نے میچ کے آغاز سے ہی کینگروز پر دباؤ ڈالے رکھا۔ چوتھے اوور میں پندرہ کے مجموعی سکور پر رضا حسن کی گیند پر واٹسن کی پہلی وکٹ نے آسٹریلیا کی بیٹنگ میں چھید کیا۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ قرار پانے والے واٹسن صرف آٹھ سکور بنا سکے۔ اسکے بعد وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تاہم مائیک ہسی کی مستقل مزاج اننگز نے کینگروز کو بری شکست سے بچا لیا۔ مائیک ہسی نے سینتالیس گیندوں پرسب سے زیادہ چون رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے رضا حسن نے چودہ رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ اسکے علاوہ سعید اجمل تین جبکہ کپتان محمد حفیظ دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے سپرایٹ مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو بتیس رنز سے شکست دے دی
Oct 02, 2012 | 19:02