کبیروالا (این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی اراضی لیز پر دینے کے معاملے پر اب لوٹ سیل نہیں لگے گی بلکہ اس کے لئے مربوط پالیسی اپنائی جائیگی‘ ریلوے کی اراضی قابضین سے واگزار کرانے کے لئے بلاتفریق آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس کا آغاز میرے اپنے انتخابی حلقے سے کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر راﺅ سعادت علی خاں سے ملاقات میں کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے ایک قومی اثاثہ ہے ہم اسے بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور اسے خسارے سے نکال کر منافع بخش بنانا چیلنج ہے۔ ریلوے اس وقت صرف ایک ”گردے“ پر چل رہی ہے اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے اور اسے اس کی مطلوبہ طاقت سے چلائیں گے۔ کمزور ریلوے پلوں اور ٹریک پر نظر مرکوز ہے جو ٹریک بند یا خراب ہو چکے ہیں ان کی بحالی کا کام جلد شروع کر دیا جائیگا۔ ریلوے کو بحران سے نکالنے کیلئے فنڈز حاصل نہیں کریں گے بلکہ ریلوے کے اپنی آمدن میں اضافہ کر کے اس میں بہتری لائیں گے۔
ریلوے اس وقت ایک ”گردے“ پر چل رہی ہے، اسے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے: سعد رفیق
Oct 02, 2013