لاہو ر ( کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2014-15 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے سولہویں اجلاس میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی کل 16 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 9ارب 58کروڑ 11 لاکھ 1 ہزار روپے کی منظوری دی ۔صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمد عرفان الٰہی نے کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے سولہویں اجلاس میں جن 16 ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں جی سی ای ٹی میں سکول لیب کے قیام، اپ گریڈیشن اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے 53 کروڑ 32 لاکھ 54 ہزار روپے، لاہور رنگ روڈ پر بوگھیوال ڈسپوزل اسٹیشن چھوٹا راوی ڈرین سے شالیمار سکیپ چینل تک فورسمین بچھانے کے لیے 36 کروڑ 87 لاکھ 62ہزار روپے شامل ہیں ۔