لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 6 سے 8 گھنٹے کی جارہی ہے جبکہ اس کے برعکس فیصل آباد ، ملتان اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ زیادہ کی جارہی ہے ۔ فیصل آباد، ملتان ، گوجرانوالہ شہروں میں ہر ایک گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ دیگر شہروں کے افراد کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کے لوڈشیڈنگ کے اصول کو یکساں رکھے۔ کیونکہ تعمیراتی کاموں کی وجہ سے مسلسل کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ غیر اعلانیہ لودشیڈنگ نے شہریوں کا جینا مشکل کر دیا۔ طلبہ بھی لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں شہریوں نے کہا ہے کہ عید پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی نوید سنائی گئی ہے ہمیں اس پر یقین نہیں ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت توانائی بحران ختم اور بجلی کے نرخوں میں کمی کرے۔ گزشتہ روز بجلی کا شارٹ فال پونے پانچ ہزار میگا واٹ رہا۔ بجلی کی ڈیمانڈ 16250جبکہ پیداوار 11500میگا واٹ رہی۔
لوڈ شیڈنگ جاری