لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سانحہ ماڈل ٹائون میں گولیاں چلانے والے سابق ایس پی سیکورٹی اور ایلیٹ کمانڈو عبوری ضمانتیں خارج ہوتے ہی جے آئی ٹی کے اہلکاروں کی موجودگی میں عدالت سے فرار ہو گئے۔ انسداد دہشت گردی کے جج خالد محمود رانجھا نے درخواست ضمانت کی سماعت کی تو وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ایس پی سلمان علی خان واقعہ کے وقت یونیفارم میں اپنی ڈیوٹی کے حوالے سے موقع پر موجود تھے تاہم ان کے خلاف کوئی گواہ ہے اور نہ کسی زخمی نے تفتیش میں بیان قلمبند کروایا ہے، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے وکیل صفائی کے دلائل پر مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ویڈیو فوٹیج کے ذریعے سلمان علی خان کو گولی چلاتے دیکھا ہے سلمان علی خان کی گن سے نکلی گولی کس کس کو لگی اس کا تعین کیا جا رہا ہے۔ فاضل جج نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے سابق ایس پی سکیورٹی سلمان خان اور ایلیٹ کمانڈو نثار کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔ عدالت کا فیصلہ سنتے ہی دونوں ملزمان عدالت سے فرار ہو گئے۔ سماعت کے موقع پر جے آئی ٹی کے بیسیوں اہلکار ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے موجود تھے جن میں تین ڈی ایس پیز بھی شامل تھے۔
ایس پی فرار
سانحہ ماڈل ٹائون کیس : ضمانت خارج ہونے پر سابق ایس پی اور ایلیٹ کمانڈو جے آئی ٹی کے سامنے عدالت سے فرار
Oct 02, 2014