متحدہ ’’آل پاکستان مسلم لیگ‘‘ کے قیام پر اتفاق ہو گیا: مشرف

Oct 02, 2015

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ایک متحدہ ’’آل پاکستان مسلم لیگ‘‘ کے قیام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور ان کو آل پاکستان مسلم لیگ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ نئی جماعت کے ویژن اور عہدیداروں کا اعلان بہت جلد میڈیا کے سامنے کر دیا جائے گا۔ دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جاری ایکشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے پارٹی تقریب سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں اہم سیاسی شخصیات آئی تھیں۔ جن کے ساتھ صلاح مشورہ ہوا اور ہم چند فیصلوں تک پہنچ گئے ہیں۔ سب کی سوچ ہے کہ مسلم لیگ کو ایک ہونا چاہئے اور یہ فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ نئی متحدہ جماعت کا نام آل پاکستان مسلم لیگ ہو گا اور انہیں چیئرمین بھی مقرر کر دیاگیا ہے۔ اس نئی سیاسی جماعت کا مقصد بھی سب سے پہلے پاکستان ہو گا۔ 2013ء کے بعد دو سال گزر چکے ہیں تاہم کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ملک میں کوئی ترقی نہیں ہو رہی اور بدحالی بڑھ گئی ہے۔ پارٹی کی ملک بھر میں تنظیم سازی ہو چکی ہے اور اب عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کا مرحلہ ہے۔
پرویز مشرف

مزیدخبریں