جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے ممکنہ خریدار وسط ایشیائی ممالک ہو سکتے ہیں : چینی اخبار

بیجنگ (نیٹ نیوز) چین اور پاکستان کے مشترکہ طور پر تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے ممکنہ خریدار شنگھائی تعاون تنظیم کے وسطی ایشیائی ممالک ہوسکتے ہیں۔ یہ بات ایک چینی اخبار ’’چائنا ٹائمز‘‘ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں کہی ہے۔ اخبار نے کینیڈا کے چینی زبان میں شائع ملٹری میگزین ’’کانوا ڈیفنس ریویو‘‘ کے حوالے سے لکھا ہے کہ چین اور پاکستان کے سامنے جے ایف تھنڈر طیاروں کے ایکسپورٹ کا ہدف بھی وسطی ایشیائی ممالک ہیں۔ پاکستان اور چین کو قدرتی گیس اور دیگر توانائی کے ذرائع کی ضرورت ہے اور وہ وسطی ایشیائی ممالک سے ان وسائل کے حقوق کے بدلے جے ایف تھنڈر کے تبادلے پر اتفاق کرسکتے ہیں۔ رواں برس جون میں پیرس ایئر شو میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس اور چین کے چینگ دو ایئر کرافٹس کارپوریشن کی طرف سے مشترکہ طور پر تیار لڑاکا جیٹ کی پہلی ممکنہ خریداری کے متعلق یہی بتایا گیا ہے کہ لڑاکا طیارے کے پہلے برآمدی آرڈر پردستخط ہوچکے ہیں اور 2017ء میں ان طیاروں کی ترسیل شروع ہوجائے گی تاہم دفاعی صنعت کے ماہرین کہتے ہیں کہ مینوفیکچررز نے خریدار ملک کا نام خفیہ رکھا ہے تاہم غیر مصدقہ دعوئوں کے مطابق میانمار یا سری لنکا کے ساتھ جے ایف تھنڈر کی ایکسپورٹ کے سودے پر دستخط کئے گئے۔

ای پیپر دی نیشن