جھنگ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ دھرنوں کی سیاست کر نے والے جو مرضی کر لیں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔ سرحدوں پر کشیدگی کی صورتحال کے پس پردہ اصل حقیقت پاک چائنہ راہداری منصوبہ ہے جو بھارت کو ہضم نہیں ہو رھا اور وہ پاگل پن کا شکار ہو کر سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے لیکن پاکستان کی افواج اور 22کروڑ عوام دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کے لئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جھنگ چیمبر آف کامرس کی 22ویں سالانہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں حکومت تاجروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے میں کوشاں ہے اور اس وقت صنعتوں میںلوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی تاکہ صنعت کا پہیہ چلتا رہے۔ تقریب سے شیخ وقاص اکرم، جھنگ چیمبر کے نومنتخب صدر شیخ محمد یعقوب، سبکدوش ہونے والے صدر عمر رامے اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پورے پاکستان سے 30ہزار سے زائد لوگوں کو اکٹھا نہ کر سکی‘ یہ وقت سیاست کا نہیں متحد ہونے کا ہے‘ سیاست کسی دوسرے وقت بھی ہو سکتی ہے‘ دشمن ہماری سرحدوںپر حملے کر رہا ہے جس کا پاک فوج پوری قوت کے ساتھ جواب دے رہی ہے مگر افسوس کچھ لوگ غیرملکی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے اندرونی حملے کر کے ملکی معیشت کو کمزور کر رہے ہیں۔ یونین کونسل 107 کے علاقے علی ٹائون میں سوئی گیس کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی نے رائیونڈ کی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے عمران خان کی کال کو مسترد کرتے ہوئے جلسے میں شرکت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 84 کا کوئی علاقہ سوئی گیس سے محروم نہیں رہے گا‘ عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہو رہا ہے میں کسی پر احسان نہیں کر رہا‘ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا میرا فرض ہے۔