جڑانوالہ/ فیصل آباد/ سرگودھا (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی) جڑانوالہ اور سرگودھا میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ جڑانوالہ کے تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر 119گ ب کے قریب 3 ڈاکو ناکہ لگائے فیصل آباد روڈ پر مسافر ویگنوںمیں سوار افراد اور دیگر راہگیروں کو لوٹ مار میں مصروف تھے ایس ایچ او تھانہ صدر عاصم رشید کو اطلاع ملی جس پر پولیس نفری اور شاہکوٹ پٹرولنگ پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ اس دوران مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلا ک ہوگیا جبکہ دو رات کی تاریکی فائدہ اٹھاتے ہوئے فرا ر ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو سے موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی تاہم ڈاکو کی شناخت نہ ہوسکی جبکہ نعش سول ہسپتال پہنچا دی گئی۔ پولیس تھانہ صدر نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ سرگودھا میں 40 سے زیادہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزم اجمل عرف اجوقصائی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ للیانی گائوں کے رہائشی شوکت علی کو 9جنوبی کے قریب لوٹ لیا اور موٹر سائیکل پر ساتھیوں کے ہمراہ فرارہوگیا۔اطلاع ملنے پر ایس ایچ اوکوٹ مومن نے نفری کے ہمراہ ملزمان کاتعاقب شروع کردیا اور چک 19/ موڑکے قریب ملزمان اورپولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں اجمل عرف اجوقصائی موقع پر ہلاک ہوگیا۔ دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس نے موٹر سائیکل اور کلاشنکوف برآمد کرکے ہسپتال پہنچا دیا۔