بیرونی سازشیں جاری ہیں : زہری، بھارت سی پیک کیخلاف کسی بھی حد تک جا سکتا ہے: جنرل عامر

Oct 02, 2016

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ بیرونی سازشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ اقتدار سنبھالتے ہی دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کا فیصلہ کیا۔ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں ایک روزہ سکیورٹی اینڈ ڈویلپمنٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پاکستان سے الحاق کے بعد سے ہی سازشیں شروع ہوگئی تھیں۔ ہم فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں جس سے کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں۔ لیڈر کا کام ڈرنا نہیں جرا¿ت مندانہ قیادت کرنا ہوتا ہے۔ ماضی میں جرا¿ت کا مظاہرہ ہوتا تو آج بلوچستان کا نقشہ تبدیل ہوتا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ بلوچستان میں نمائندہ، بااختیار اور طاقتور اسمبلی موجود ہے۔ بلوچ، پشتون نمائندے صوبے کے امور چلا رہے ہیں۔ عالمی قوتوں کے باعث یہ علاقہ گریٹ گیم میں پھنس گیا۔ قومی یکجہتی کی بنا پر بحران سے کامیابی کے ساتھ نکل جائیں گے۔ پاکستان پر دوسروں کے معاملات میں مداخلت کا الزام درست نہیں۔ بلوچستان میں ہر شورش یہاں کی سیاسی قیادت اور عوام نے ناکام بنائی۔ پاکستان، افغانستان میں امن مذاکرات کا خواہاں ہے۔ بھارت کو براہمداغ سے پیار نہیں وہ سی پیک کے خلاف کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ 2013ءمیں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو صوبے کے حالات سوات اور شمالی وزیرستان سے بھی زیادہ خراب تھے، لوگ خوفزدہ تھے جو لوگ استطاعت رکھتے تھے وہ صوبہ چھوڑ کر چلے گئے، جو لوگ مجبوری کے تحت یہاں رہ گئے ان کا کوئی پرسان حال نہ تھا۔ سپر پاور کے اپنے مفادات ہوتے ہیں اگر آج ایک سپر پاور بھارت کے ساتھ ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پاکستان کی اہمیت اور منفرد جغرافیائی محل وقوع سے دنیا کی کوئی طاقت انکار نہیں کرسکتی۔ علاوہ ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی زیر صدارت کوئٹہ کینٹ میں محرم الحرام سے متعلق مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام کا اجلاس ہوا۔ علمائے کرام نے یقین دہانی کرائی کہ قیام امن کیلئے مکمل تعاون کریں گے۔ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ پاکستان تاقیامت قائم رہے گا۔ ملکی سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
جنرل عامر

مزیدخبریں