اسلام آباد/ پشاور/ مانسہرہ/ بالاکوٹ/ بٹگرام (آئی این پی+ نامہ نگاران) اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا، مانسہرہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ناران میں متعدد گھروں کی چھتیں گرنے سے 13افراد زخمی ہو گئے۔ ہفتہ کو ایک بج کر 8منٹ پر 5.4 شدت کے زلزلے سے اسلام آباد اور خیبر پی کے کے کئی علاقے لرز اٹھے۔ جھٹکے گلگت بلتستان اور خیبر ایجنسی میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کا مرکز پٹن کے قریب 12 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 تھی اور اس کا مرکز مینگورہ سے 117 کلومیٹر مشرق میں تھا اور گہرائی 43.4 کلومیٹر تھی۔ ناران میں زخمی افراد میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ خیبر پی کے اور بالائی علاقوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران 4 سے 6 شدت کے متعدد زلزلے آچکے ہیں۔ بالا کوٹ کے نامہ نگار کے مطابق 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کو 11 سال مکمل ہونے کو ہیں کہ بالا کوٹ سمیت کئی شہروں کی سرزمین ایک بار پھر لرز اٹھی، ایک شخص حلیم ولد بہادر سکنہ جکن گھاس کٹائی کے دوران پتھر گرنے سے جاں بحق ہوگیا، ناران میں 4 سے زیادہ آفٹر شاکس ریکارڈ ہوئے، ایک شخص محمد یوسف تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر ٹانگ تڑوا بیٹھا، بی ایچ یو ناران کے مطابق محمد اسد، نعیم، شاہنواز، غلام محمد سمیت 13 افراد زخمی ہوئے۔ وفاقی وزیر مذہی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ نقصان کا جائزہ لے کر متاثرہ افراد کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا ئے گا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں 7.5 شدت کے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔