آئی آئی چندریگرروڈ کی عمارت میں آتشزدگی فائربریگیڈکاریسکیوآپریشن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر آگ سے متاثرہ عمارت کا نقشہ پاس کرنے میں تمام قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں، انسانی جانوں سے کھیلنے کے اس قسم کے اقدامات بند کئے جائیں،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کس طرح اس عمارت کا نقشہ پاس کیا،عمارت میں ایمرجنسی کی صورت میں نکلنے کے لئے کوئی راستہ موجود نہیںتھا جبکہ عمارت کی کھڑکیاں سیلڈ تھیں جس کے باعث دھویں کا اخراج بھی ممکن نہیں تھا، اس کے باوجود فائربریگیڈ کے عملے نے بہترین کام کیا جس پر کے ایم سی فائربریگیڈاور ریسکیو ڈپارٹمنٹ کو شاباش دیتا ہوں کہ انہوں نے بروقت آگ پر قابو پایا اور عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کا کام احسن طریقے سے انجام دیا، یہ بات انہوں نے پیر کی صبح آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ٹیکنو سٹی کی عمارت میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے عمارت میں آگ لگنے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ عمارت میں جنریٹر کے ساتھ پیٹرول اور ڈیزل بھی رکھا ہوا تھا جو انتہائی خطرناک تھا ،میئر کراچی نے ذاتی طور پر موقع پر پہنچ کر تمام تر آپریشن کی نگرانی کی اور فائربریگیڈ کے عملے کو موقع پر ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ عمارت میں لگی ہوئی آگ پر قابو پانے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں،عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو عمارت سے با حفاظت نکالنے کو ترجیح دی جائے،کوشش کی جائے کہ کم سے کم نقصان ہو، میئر کراچی وسیم اخترنے چیف فائر آفیسر کو ہدایت کی کہ کے ایم سی کے دیگر اسٹیشنوں پر فائر ٹینڈر اور باؤزر کو تیار حالت میں رکھا جائے تاکہ انہیں ضرورت پڑنے پر فوری بلایا جاسکے،آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل کو فوری بروئے کار لایا جائے، میئر کراچی کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فائربریگیڈ اور ریسکیو عملے نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں لگی آگ کو بجھایا اور اس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ فائربریگیڈ انتہائی اہم اور حساس محکمہ ہے لہٰذا اسے جدید اور زیادہ سے زیادہ آلات سے آراستہ کرنا ضروری ہے ہم نے اس محکمے کی اہمیت کے پیش نظر خصوصی توجہ دیتے ہوئے فائربریگیڈ کو متعدد آلات ،گاڑیاں وغیرہ فراہم کی ہیں تاکہ شہر میں کسی بھی جگہ آگ لگنے کے واقعے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

ای پیپر دی نیشن