کراچی(نیوزرپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی آفیسرز ویلفیئرایسوسی ایشن کے صدر سید معز الدین واثق، جنرل سیکریٹری عطا محمد گورمانی نے رجسٹرار افضال احمد کی موجودگی میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین سے ملاقات کی ، جامعہ اردو کی ترقی اور بہتری کیلئے تجاویز پر گفتگو کی گئی۔ جس میں ادارے کو مضبوط کرنا، داخلہ پالیسی، گرانٹ اوروزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تعلیمی ویژن کو کس طرح آگے لے جانا ہے پر بات چیت ہوئی۔ شیخ الجامعہ نے کہا کہ یونیورسٹی کو آگے لے جانے کیلئے ہم سب کو مل کر دن رات محنت کرنا ہوگی۔ وفاقی اردو یونیورسٹی قومی زبان اور رابطے کی عظیم درس گاہ ہے ہم اسے اپنی محنت اور صلاحیت سے ملک کی بہترین جامعات میں شامل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کیمپس کا تعمیراتی کام بڑی تیزی سے جاری ہے ،جامعہ اردو میں ضرورت کے مطابق مزید شعبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔