لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگیا، ابتدائی روز تین میچ کھیلے گئے جن میں واپڈا، نیشنل بنک اور سوئی ناردرن گیس کی ٹیمیں کامیاب رہیں،چیف آف نیول ساٹف ہاکی ٹورنامنٹ میںملک بھر سے 8ٹاپ ٹیمیں حصہ لے رہیں ہیں جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔افتتاحی روز تین میچ کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں واپڈا نے ایئر فورس کی ٹیم کو ایک کے مقابلہ میں آٹھ گول سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں سوئی ناردرن گیس کی ٹیم نے پورٹ قاسم کی ٹیم کو دو کے مقابلہ میں چارگول سے ہرا دیا۔ تیسرے میچ میں نیشنل بنک کی ٹیم نے میزبان نیوی کی ٹیم کو تین ایک سے شکست دی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی تھے، ان کا کہنا تھا کہ نیوی قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ایونٹ میں واپڈا ،نیشنل بنک آف پاکستان ،سوئی سدرن ،گیس کمپنی ،سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ ،پولیس ،پورٹ قاسم اتھارٹی ،پی اے ایف اور پاکستان نیوی کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم پانچ لاکھ روپے ،رنر اپ کے لئے تین لاکھ اور تیسری پوزیشن کے لئے دو لاکھ روپے ہے ۔پلیئر ز آف دی ٹورنامنٹ کو پچاس ہزار ،ٹاپ سکورر اور بہترین گول کیپرز کو 2500فی کس دیا جائے گا ۔
تورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر پاکستان نیوی کے سینٹرل کمانڈر پنجاب ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی( ہلال امتیاز) نے میڈیا سے بات کرتے ہوے کہا کہ پاکستان نیوی اپنی دیگر ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ ملک میں کھیلوں کو پروان چڑھانے کے لئے بھی کوشاں ہے اور اس سلسلہ میںہاکی سمیت مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے لیکن بدقستمی سے یہ زوال کا شکار ہے ۔اسکا گرتا معیار ہر ایک کے لئے باعث تشویش ہے۔کرکٹ کمرشلائیز ہونے کی وجہ سے ہاکی بیک گرائونڈ میں چلی گئی ۔پی ایچ ایف کو ہاکی کی بہتری کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے ۔ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں جنرل سپورٹس کو فروغ ملے اور پاکستان ہاکی اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکے ۔