لاہور( آن لائن )پنجاب حکومت کی جانب سے موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہن کر سفرکرنے کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کروانے کے احکامات کے بعد ملتان شہر میں ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا وہیں ٹریفک پولیس کی جرمانے کی مد میں آمدنی میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دئیے جانے کے بعد مارکیٹ میں ہیلمٹ کی فروخت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق اس اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے تاجروں کی جانب سے ہیلمٹ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ ان کی کوالٹی میں کمی کردی گئی ہے۔ملتان ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک ہفتے تک ہیلمٹ کے استعمال سے آگاہی مہم چلانے کے بعد اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پرکاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 4سو سے 5 سو چالان صرف ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے کیے جارہے ہیں جس سے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
پنجاب: ہیلمٹ کی قیمتوں اورنہ پہننے پر جرمانے میں اضافہ ہوگیا
Oct 02, 2018