اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے، دشمن کسی بھول میں مت رہے، پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ائر چیف مارشل مجاہدانور خان نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کیلئے پاک فضائیہ پرعزم ہے۔ علاوہ ازیں امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے ارکان ہایمز اور مالو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے امریکی کانگریس کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی سمیت خطے کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور سیاحت کیلئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے مابین ملاقات کافی سود مند رہی۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی غیر قانونی اقدامات نے خطے کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ امریکہ 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا چلا آ رہا ہے۔ وزیراعظم نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔ خطے میں امن کے لئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملیحہ لودھی کو مدت ملازمت کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملیحہ لودھی نے محنت اور لگن سے اقوام متحدہ میں ملک کیلئے خدمات انجام دیں، مستقبل میں بھی ان کی کامیابیوں کیلئے دعاگو ہوں۔ ملیحہ لودھی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نئے مندوب منیر اکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے لیے جو تعریف ملی اس پر خوشی ہے۔ خواہش تھی کہ وزیراعظم کے کامیاب دورے پر سفارتکاری کی میعاد ختم ہو۔