تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایرانی عدالت نے ملک کے صدر حسن روحانی کے سابق نمائندہ خصوصی اور بھائی کو کرپشن کیس میں 5 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے حسن روحانی کے بھائی حسین فریدون کو کرپشن کیس میں جیل بھیج دیا۔ خبررساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں حکومتی حمایتی ایرانی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حسین فریدون کو دیگر الزامات کے تحت مزید سزا ملنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایرانی عدالت کے مطابق انہیں دیگر کیسز میں بھی سزا ہو سکتی ہے تاہم ان کیسز کا تاحال فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ اب ایرانی نشریاتی ادارے ’فارس‘ نے عدالتی ترجمان کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کی کہ صدر کے بھائی کو سزا سنائی گئی ہے۔ بھائی کی سزا پر تاحال ایرانی صدر نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔