اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے چین کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ چین کی ترقی اور غربت سے نجات دنیا میں ایک مثال بن کر ابھری ہے ،پاکستان اور چین مل کر خطے اور دنیا میں تعمیر، ترقی، خوشحالی اور امن کا نیا باب لکھ سکتے ہیں،ہماری دعا ہے چین اوراس کے عوام آنے والے ماہ وسال میں ترقی کی مزید منازل حاصل کریں۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کی کیانگ، حکومت اور عوام کو سترویں قومی دن پر مبارک پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن چیئرمین ماوزے تنگ سمیت عوامی انقلاب کے دیگر رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کا دن چینی عوام کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین کے عوام اور قیادت نے انتہائی تدبر، محنت اور تسلسل سے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کیا ۔انہوںنے کہاکہ چین کی ترقی اور غربت سے نجات دنیا میں ایک مثال بن کر ابھری ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین دو عظیم اور بااعتماد دوست ہیں،پاکستان اور چین کی دوستی دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام چین کے عوام کو ان کے قومی دن پر خیرسگالی کا پیغام دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین مل کر خطے اور دنیا میں تعمیر، ترقی، خوشحالی اور امن کا نیا باب لکھ سکتے ہیں۔ہماری دعا ہے کہ چین اوراس کے عوام آنے والے ماہ وسال میں ترقی کی مزید منازل حاصل کریں۔
چین کی ترقی مثال ہے: شہباز شریف کی قومی دن پر مبارکباد
Oct 02, 2019