ارسانے ربیع کے سیزن کیلئے پانی کی دستیابی کی منظوری دے دی

Oct 02, 2019

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ )انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے ربیع کے سیزن کے لئے پانی کی دستیابی کی منظوری دے دی ہے۔ ارسا کا اجلاس منگل کو چیئرمین شیر زمان خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ارسا کے ارکان اور صوبوں اور واپڈا سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت آبی ذخائر میں 10.268 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہے اور تربیلا، منگلا اور دیگر آبی ذخائر میں 24.14 ملین ایکڑ فٹ پانی کی آمد کا امکان ہے جبکہ پانی کا ضیاع 2.38 ملین ایکڑ فٹ متوقع ہے۔ اجلاس میں پنجاب کے لئے 16.23 ملین ایکڑ فٹ، سندھ کے لئے 12.78 ملین ایکڑ فٹ، خیبر پختونخوا کے لئے 0.71 ملین ایکڑ فٹ اور بلوچستان کے لئے 1.03 ایکڑ فٹ پانی کی دستیابی کی منظوری دی گئی۔ چاروں صوبوں کے لئے پانی کی 31.44 ملین فٹ ایکڑ دستیابی گزشتہ سال کی 24.76 ملین ایکڑ فٹ سے زیادہ ہے۔ ربیع 2018-19ء کے مقابلہ میں رواں سال ربیع 2019-20ء کے لئے پانی کی 15 فیصد کمی ہو گی جو کہ گزشتہ سال سے کم ہے اور امید ہے کہ بہتر آبی انتظام کے ذریعے فصلوں کی پیداوار کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میںیہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبے 15 دن کے اندر پانی کے اپنے اخراج کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ملک میں اضافی آبی ذخیرے تمعیر کئے جانے چاہئیں۔ اگر پانی ذخیرہ کرنے کی اضافی استعداد موجود ہوتی تو کوٹری سے نیچے 11.65 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکتا تھا۔

مزیدخبریں