الیکشن کمیشن نے خیبرپی کے بلدیاتی انتخابات میں تاخیرکاذمہ دارصوبائی حکومت کوقراردیدیا

ّّاسلام آباد(خصوصی نمائندہ ) الیکشن کمیشن نے خیبرپی کے میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا ذمہ دار صوبائی حکومت کو قرار دیتے ہوئے معاملہ کی سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) محمد رضا کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے معاملہ کی سماعت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا اور سپیشل سیکرٹری بلدیات نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مخصوص نشستوں سے متعلق سمری کی منظوری دے دی ہے۔ سٹی، لوکل کونسل ، تحصیل کی سطح پر خواتین کی مخصوص نشتیں ہوں گی۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں سے متعلق نوٹیفکیشن کا اجراء کیا جائے تاکہ حلقہ بندیاں کی جا سکیں۔ انہوں نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے کہا کہ آپ نے ضلع کی سطح کو ختم ہی کردیا۔ تحصیل سطح کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا جا رہا ہے۔ لگتا ہے کہ حکومت لوکل گورنمنٹ کے نمائندوں کو اختیار دینا ہی نہیں چاہتی۔ الیکشن کمیش نے سماعت 10 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن