محمد حفیظ، شعیب ملک، وہاب ریاض سمیت 6 کرکٹرز کا سنٹرل کنٹریکٹ سے انکار

Oct 02, 2020

 لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) محمد حفیظ، کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض سمیت 6 کرکٹرز نے پی سی بی کے مجوزہ کنٹریکٹ کو ٹھکرادیا‘ پی سی بی کے مجوزہ کنٹریکٹ کو ٹھکراتے ہوئے صرف ایک ماہ کے معاہدے پر دستخط کردیئے جس کے تحت وہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے اور صرف 20 اکتوبر تک پی سی بی کی پالیسیوں کے پابند ہوں گے۔ذرائع کے مطابق سینئر کرکٹرز بورڈ کے مجوزہ کنٹریکٹ پالیسی سے سخت ناخوش ہیں، اس لیے انہوں نے بورڈ حکام  کے سامنے کنٹریکٹ ڈرافٹ کو من وعن تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔قومی کرکٹرز کا موقف تھا کہ انہیں بورڈ کا کنٹریکٹ منظور نہیں جب تک ہماری شرائط پر مبنی ڈرافٹ نہیں بنے گا، ہم اس پر دستخط نہیں کریں گے۔ اگر بورڈ کو یہ منظور نہیں تو پھر ہم گھر جانے کو تیار ہیں۔ کرکٹرز کے سخت رویہ کو دیکھ کر ڈرافٹ میں فوری طور پر ترمیم کی گئی اور میچز شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے کرکٹرز نے اس پر دستخط کرکے بورڈ حکام کے حوالے کیا۔اس دستخط شدہ کنٹریکٹ کے تحت قومی کھلاڑی فی الحال صرف ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول ٹی ٹونٹی میچز میں شرکت کریں گے اور اس دوران پی سی بی کی میڈیا پالیسی، اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی کرپشن قوانین کے پابند ہوں گے جبکہ میچ فیس کیساتھ ڈیلی الاؤنس بھی لیں گے۔ بیس اکتوبر کے بعد وہ پی سی بی کی میڈیا پالیسی سے آزاد ہوں گے۔ فاسٹ بائولر محمد عامر نے ٹی ٹونٹی کے ساتھ ایک روزہ میچز کھیلنے کیلئے بھی اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے 2 ایونٹس کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ دوسرے سینئر کرکٹرز ون ڈے اور فور ڈے میچز کے کنٹریکٹ پر دستخط کا فیصلہ بورڈ کے رویے کو دیکھ کر کریں گے۔

مزیدخبریں