ہندو تواسوچ نے گاندھی اور نہرو کا سیکولر بھارت دفن کردیا : شاہ محمود 

ملتان(نمائندہ نوائے وقت)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سرکار کی ہندوتوا سوچ نے گاندھی اور نہرو کے سیکولر بھارت کو مکمّل طور پر دفن کر دیا ہے۔یہ بات انہوں نے دربارعالیہ کوٹ مٹھن کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اتحاد بین المسلمین، مذہبی ہم آہنگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ہتک آمیز رویے کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں میں ایک اضطراب اور بے چینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن قوتیں، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت، فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں۔فرقہ واریت کے اس عفریت کو کچلنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے علمائ￿ اور مشائخ کا کردار ناگزیر ہے۔خواجہ معین الدین کوریجہ نے مغرب میں بالخصوص اور باقی دنیا میں بالعموم اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن