قطری سفیر کی ملاقات: باہمی تعلقات کی بہتری کیلئے کام کرتے رہینگے: اعجاز شاہ

Oct 02, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل التھانی سے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ وزارت داخلہ میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے وزیراعظم کا پیغام دیتے ہوئے قطری سفیر نے حکومت قطر کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ مستقبل میں مزید بہتر تعلقات کی توقع رکھتے ہیں۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے قطری سفیر کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دو طرفہ امور میں مثبت پیش قدمی خوش آئند ہے۔ اس موقع پر قطری سفیر نے پاکستان میں مختلف پراجیکٹس شروع کرنے میں قطر کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس بات کی مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پراجیکٹس میں مہاجرین کی امداد اور تعلیمی نوعیت کے ہوں گے۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ان اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ متعلقہ شعبوں میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم باہمی تعلقات کو بہترب نانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں