’’شاہین‘‘ کی شدت میں کمی‘ کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا

Oct 02, 2021

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ’’شاہین‘‘ کی شدت میں کمی کے باعث کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کا رخ مسقط کے ساحل کی طرف ہوگیا جس کے باعث کراچی میں طوفانی بارشوں کا امکان بھی کم ہوگیا ہے۔ یو ایس جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سینٹر پرل ہاربر کی جانب سے جاری کردہ تازہ صورتحال کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے دور ہورہا ہے تاہم سسٹم کے مطابق طوفانی بارش کا امکان بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق طوفان کی شدت میں کمی کے باعث شہر میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’’شاہین‘‘ تشکیل پا چکا ہے تاہم وہ عمان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان شاہین سے متعلق 5 واں الرٹ جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں سمندری طوفان شاہین بن گیا جو کراچی کے جنوب مغرب سے 280 کلو میٹر دور‘ اورماڑہ سے 230 اور گوادر سے 470 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

مزیدخبریں